چکبالاپور،24؍ جولائی (ایس او نیوز) ریاست میں پہلی بار حکومت کی جانب سے روپ وے کی تعمیر کا کام یہاں نندی ہلز پر کیا جارہا ہے اور یہاں مختلف محکموں کے زیر نگرانی چل رہے نندی ہلزکواب مکمل طور پر ایک ہی محکمہ ٹورزم کے سپرد کردیا گیا ہے۔ یہاں کی ترقی کے کاموں میں تیزی لائی جائے گی۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے سیاحت و ماحولیات سی پی یوگیشور نے کہی۔
انہوں نے نندی ہلز پر تعمیر کئے جانے والے روپ وے کی جگہوں کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ ساری ریاست میں پہلی مرتبہ اس روپ وے کی تعمیر کا کام کیا جارہا ہے،جسے ایک سال کے اندر مکمل کرلئے جانے کی توقع ہے۔ سارے ملک میں صرف تین کمپنیاں ہی روپ وے کی تعمیر کا کام کررہی ہیں، ان میں معیاری اور تیزی کے ساتھ کام کرنے والی کمپنی کویہاں طلب کرکے تکنیکی طور پر تمام کارروائی کی جارہی ہے۔ اس روپ وے کی تعمیر کیلئے ہر طرح سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے کہ تیزی اور اعلیٰ معیار کا روپ وے بنایا جائے جو ساری ریاست کیلئے ایک نمونہ بن سکے۔ اب تک کی تمام حکومتوں نے بھی اس پر غور کیا تھا، مگر یہاں کا جو مسئلہ تھا کہ مکمل طور پر نندی ہلز کسی ایک محکمے کے سپرد نہیں تھا۔ اس لئے اس کام میں مشکلوں کا سامنا کرنا پڑرہاتھا۔ مگر جب سے نندی ہلز کی تمام نگرانی پچھلے تین چار ماہ سے جو محکمہ ٹورزم کے سپرد کی گئی ہے اس کی بدولت یہاں اب ہر ایک ترقیاتی کام میں تیزی لائی جارہی ہے۔ نندی ہلز پر جو بڑا مسئلہ تھا وہ پانی کا تھاسب سے پہلے یہاں پانی کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔ نندی ہلز پر کوئی سرکاری زمینات بھی نہیں ہیں، یہاں پارکنگ کیلئے دونوں اضلاع سے صرف سات ایکٹر زمین بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں کے ہر ایک مسائل جو اب تک حل نہیں ہوئے ہیں اس پر محکمہ ٹورزم کی جانب سے تمام مسائل کو حل کرنے کی جانب توجہ دی جارہی ہے۔ یوگیشور نے کہاکہ ہماری یہ کوشش ہورہی ہے ماحولیات کو خراب کئے بغیر ہی یہاں کی ترقی کوممکن بنایاجائے اور اس پر توجہ دی جارہی ہے۔